پٹنہ : بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور اداکار شتروگھن سنہا نے جمعہ
کو جہاں پٹنہ کے ایس ایس پی منو مہاراج کی تعریف کے بہانے وزیر اعلی نتیش
کمار کی جم کر سراہنا کی، وہیں اشاروں ہی اشاروں میں وزیر اعظم مودی پر
تیکھا نشانہ بھی سادھا ۔ پٹنہ صاحب سے ممبر پارلیمنٹ سنہا نے ایس ایس پی
منو مہاراج کی تعریف کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ٹرم، ہٹ اور فٹ بہادر پولیس
افسر منو مہاراج کا سینہ اگرچہ 56 انچ کا نہ ہو، لیکن ان کی 32 انچ کی کمر
گنڈوں کا سامنا کرنے کے لئے کافی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں دہلی کے دو تاجروں کو پٹنہ سے اغوا کئے جانے کے بعد
انہیں اغوا کاروں کے چنگل سے آزاد کرانے والی پولیس ٹیم کی قیادت ایس ایس
پی منو مہاراج کر رہے تھے۔ بہار میں ان کو تیز طرار پولیس افسر سمجھا جاتا
ہے۔ منو مہاراج کی اسی کامیابی پر شتروگھن نے کئی ٹویٹس کئے۔ انہوں نے کہا
کہ ایسے جنونی اور بے خوف پولیس افسر پر فخر ہے۔
اس سلسلہ میں سنہا نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا
کہ منو مہاراج جیسے محنتی، تیز، شریف آدمی اور ایماندار پولیس افسر کو
پٹنہ میں تعینات کرنے کے لیے وزیر اعلی نتیش کمار کو بہت بہت مبارک باد ۔
سنہا نے پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ سنجے اگروال کی بھی تعریف کی ہے۔